ملکی سالمیت کی خلاف ورزی پر ہمارا جواب بے رحمانہ ہوگا ترجمان پاک فوج

 جنگ بندی کی خلاف ورزی پر موثر اور یقینی جواب دیا جائے گا، بھارت اس بات پر ناراض ہے امریکہ  اس بحران کے دوران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہا ہے،یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی  قرارداد کے مطابق حل کرنا ہوگا

 دونوں ایٹمی طاقت ہیں‘ سنگین کشیدگی تباہی کا باعث ہو گی، اگر بھارت سمجھتا ہے  وہ پاکستان کے خلاف جنگ کا محاذ کھڑا کر سکتا ہے تو یہ خطے میں تباہی کا باعث ہوگا:لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو

راولپنڈی(آئی این پی)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی گئی تو موثر اور یقینی جواب دیا جائے گا۔معرکہ بنیان مرصوص اور کشمیر پر ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی  کی صورت میں تیز اور یقینی جواب کا عزم کا اعادہ کیا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے برطانوی نشریاتی ادارے  اسکائی نیوز کو انٹرویو میں  کہا  جو بھی ہماری سرزمین، سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کرے گا، ہمارا جواب بے رحمانہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقت ہیں لہذا سنگین کشیدگی تباہی کا باعث ہو گی، اگر بھارت سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف جنگ کا محاذ کھڑا کر سکتا ہے تو یہ خطے میں تباہی کا باعث ہوگا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ امریکا جیسے ممالک جوہری خطرات کے پیش نظر بھارت کے عزائم کو بخوبی جان چکے ہیں۔مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اس مسئلے کو "اندرونی" معاملہ قرار دے کر فوج کی بڑی تعداد میں موجودگی کے ساتھ کشمیریوں کو "ہراساں" کر رہا ہے۔لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق کشمیری عوام کو حل کرنا ہوگا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی مقف کے مطابق اس نے بھارت کی بہت بڑی مسلح افواج کے باوجود ایک بہت بڑی فوجی فتح حاصل کی ہے۔لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت اس بات پر ناراض ہے کہ امریکا اس بحران کے دوران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہا ہے، امریکا کے لیے اصل امتحان یہ ہے کہ وہ  بھارت پر کتنا دبا ڈال سکتا ہے۔