پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا: شہباز شریف
پاک فوج نے افغانستان کی پوسٹس کو تباہ ، پسپائی پر مجبور کیا، ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا، پاکستان نے کئی بار افغانستان کو وہاں موجود فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی معلومات دیں
دہشت گرد تنظیموں کو افغانستان میں موجود عناصر کی حمایت حاصل ، توقع ہے افغان حکومت یقینی بنائے گی کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو،بھرپور اور مؤثر کارروائی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش
اسلام آباد(نیٹ نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔ افغانستان کی جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں اشتعال انگیزی پر وزیراعظم نے شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے بھرپور اور مؤثر کارروائی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے، فیلڈ مارشل کی بیباک قیادت میں پاک فوج نے افغانستان کو بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے افغانستان کی متعدد پوسٹس کو تباہ کر کے ان کو پسپائی پر مجبور کیا، ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا، ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہم ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے ہمیشہ ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے، پوری قوم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان نے کئی بار افغانستان کو وہاں موجود فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی معلومات دیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرنے والوں کی معلومات دی گئیں، دہشت گرد تنظیموں کو افغانستان میں موجود عناصر کی حمایت حاصل ہے، توقع ہے افغان حکومت یقینی بنائے گی کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔