محکمہ صحت :انتظامی عہدے خالی، منصوبے متاثر ہونے کا خدشہ

ڈینگی سیزن قریب،بیماریوں کے کنٹرول سے متعلق عہدوں پر تقرریاں نہ ہو سکیں 
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب کے محکمہ صحت و آبادی میں طویل عرصے سے اہم انتظامی عہدے خالی ہونے کے باعث محکمے کے انتظامی معاملات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کئی کلیدی اسامیاں تاحال مستقل تقرریوں سے محروم ہیں جس کے باعث صحت کے بڑے منصوبوں اور پروگرامز کی مئوثر نگرانی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمے میں سپیشل سیکرٹری آپریشنز اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سمیت متعدد اہم عہدے خالی پڑے ہیں، جبکہ ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب اور ڈی جی پاپولیشن کے عہدے بھی تاحال پْر نہیں کیے جا سکے۔ اسی طرح محکمہ صحت کے اہم پراجیکٹس کے سربراہان کی تقرری بھی نہیں ہو سکی جس کے باعث اربوں روپے کے صحت منصوبے مستقل سربراہوں کے بغیر چلائے جا رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کے انتظامی ڈھانچے میں کمزوری کا خدشہ بڑھ رہا ہے کیونکہ 18 منظور شدہ سیکشن آفیسرز میں سے صرف دو تعینات ہیں جبکہ باقی اسامیاں عارضی اور اندرونی انتظامی بندوبست کے ذریعے چلائی جا رہی ہیں۔ماہرین کے مطابق اہم عہدے خالی ہونے سے صحت کے بڑے پروگرامز کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب ڈینگی سیزن قریب آنے کے باوجود بیماریوں کے کنٹرول سے متعلق اہم عہدوں پر بھی تقرریاں نہیں ہو سکیں۔