کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) حیدرآباد نے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائی پولیس چیک پوسٹ ایئرپورٹ کی حدود میں واقع سرمست کالونی میں کی گئی۔ ایس ایچ او سی ٹی ڈی آصف حیات کے مطابق گرفتار ملزم نے خود ساختہ گمشدگی اختیار کر رکھی تھی اور وہ بلوچستان سے واپس آنے کے بعد حیدرآباد پہنچا تھا جہاں اسے گرفتار کر لیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، کارڈ وائر، دیسی ساختہ کریکر، آئی ای ڈی اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزم پنجاب جانے والے ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچانے اور ممکنہ دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کی سرگرمیوں کے بارے میں پہلے سے خفیہ انٹیلیجنس اطلاع موجود تھی۔حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزم اپنے کمانڈر ذوالفقار خاصخیلی کی ہدایت پر بلوچستان سے حیدرآباد آیا تھا۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس کے ممکنہ سہولت کاروں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔