ایرانی حملے پر اسرائیلی شہر ہولون میں ایک میزائل جا گرا، سائرن بجائے گئے
اایرانی فوج کے بریگیڈیئر جنرل عبداللہ جلالی سمیت کم از کم 16 افراد کے شہید
تہران،واشنگٹن،تل ابیب،ریاض،کویت سٹی،منامہ،دوحہ(آئی این پی )ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ میں مزید شدت آ گئی ،امریکا اور اسرائیل کے ایران کے مختلف علاقوں پر تازہ حملوں میں صوبہ اصفہان کے کئی مقامات کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایرانی فوج کے بریگیڈیئر جنرل عبداللہ جلالی سمیت کم از کم 16 افراد کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں ،ایران نے بھی حملے کی 51ویں لہر کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کر دی۔ اسرائیلی شہر ہولون میں میزائل گر ا، جس کے بعد مختلف علاقوں میں سائرن بجائے گئے،پاسداران انقلاب نے اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو ڈھونڈ کر قتل کرنے کی دھمکی دیدی ۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق ایران کی پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اس نے آپریشن وعد الصدق کے تحت حملوں کی نئی لہر شروع کر دی ہے۔پاسداران انقلاب کے مطابق اس سلسلے کی 51 ویں کارروائی میں سعودی عرب کے شہر الخرج میں قائم امریکی فوجی اڈے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جہاں ایف تھرٹی فائیو اور ایف سکسٹین لڑاکا طیاروں کے تربیتی مراکز کو ہدف بنایا گیا۔ایرانی حکام کے مطابق یہ حملہ شہید ابوالقاسم بابائیان اور ان کی اہلیہ کی یاد میں کیا گیا۔ ایران نے دعوی کیا ہے کہ اس نے عراق اور کویت میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملوں کے دوران ایک اور اعلی فوجی کمانڈر شہید ہو گئے۔ ایرانی فوج نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملے میں بریگیڈیئر جنرل عبداللہ جلالی شہید ہوگئے ہیں۔ایرانی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ صیہونی ادارے کی جانب سے کیے گئے حملے کے بعد وطن کے دفاع کے دوران بریگیڈیئر جنرل عبداللہ جلالی نے جامِ شہادت نوش کیا۔حکام کے مطابق وہ دشمن کے حملے کے وقت دفاعی کارروائیوں کی قیادت کر رہے تھے۔ایران کا کہنا ہے کہ جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک متعدد اعلی فوجی کمانڈرز اور سیکیورٹی افسران شہید ہو چکے ہیں، جن کی شہادت کی باضابطہ تصدیق بھی کی گئی ہے۔حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باوجود ایران کی دفاعی صلاحیت اور جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔دوسری جانب ایران نے واضح کیا ہے کہ اپنے فوجی کمانڈروں کی شہادت کے باوجود دشمن کے خلاف مزاحمت جاری رکھی جائے گی اور ملکی دفاع میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی اڈوں کیخلاف حملوں کی ایک اور لہر شروع کردی ہے۔ پاسدران انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی اڈوں کیخلاف کیا گیا ہے۔جبکہ بحرین ،کویت اور اردن میں امریکی بیسز کو نشانہ بنایا گیا اور خطے میں موجود ریڈار سسٹمز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ادھر پاسداران انقلاب نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے