دنیا بھر میں مسلمانوں کیخلاف نفرت اور تعصب کے خاتمے کی ضرورت ہے،پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ،دنیا بھر میں مسلمانوں کیخلاف نفرت اور تعصب کے خاتمے کی ضرورت ہے۔اپنے بیان میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اسلام امن، ہمدردی اور انصاف کا دین ہے، اسلام کو انتہا پسندی سے جوڑنا لاعلمی کی عکاسی ہے، عالمی برادری نفرت انگیز جرائم کے خلاف قانونی تحفظ مضبوط بنائے، اظہارِ رائے کی آزادی نفرت پھیلانے کے لئے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی، معاشروں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، مسلمانوں کے خلاف تعصب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظ کو متاثر کرتا ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی تنوع کے احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ضروری ہے، کرائسٹ چرچ سانحہ انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے والا واقعہ تھا، پاکستان اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی فورمز پر مسلسل آواز اٹھاتا رہا ہے۔