پنجاب اسمبلی میں بجٹ اجلاس، سکیورٹی ہائی الرٹ، وزیراعلیٰ کی شرکت

پنجاب اسمبلی میں بجٹ اجلاس، سکیورٹی ہائی الرٹ، وزیراعلیٰ کی شرکت

لاہور: پنجاب اسمبلی میں مالی سال 2026-27 کے بجٹ اجلاس کا سلسلہ جاری ہے، جہاں سخت سکیورٹی انتظامات کے تحت کارروائی ہو رہی ہے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی ایوان میں موجود ہیں جبکہ اسپیکر ملک احمد خان اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان کے مطابق پنجاب اسمبلی اور اس کے اطراف مجموعی طور پر 254 پولیس اہلکار سکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی پلان کے تحت 20 خواتین اہلکار، 2 ایس ڈی پی اوز اور 9 ایس ایچ اوز بھی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز سمیت متعلقہ ایس پیز اور دیگر افسران سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ اسمبلی کی عمارت کے اندر اور باہر مکمل سکیورٹی کور فراہم کیا گیا ہے۔ ملحقہ شاہراہوں پر بھی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی جاری ہے۔داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے، جبکہ کمانڈوز اور سادہ لباس اہلکار بھی تعینات ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

سکیورٹی پلان کے مطابق اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے مہمانوں کو مکمل چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی کی جائے اور سکیورٹی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ سکیورٹی کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی سہولت کو بھی ہر صورت برقرار رکھا جائے۔