لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی، جبکہ وزیراعلیٰ نے بجٹ دستاویزات پر دستخط بھی کر دیے۔
اجلاس کے دوران کابینہ نے باضابطہ طور پر بجٹ کی منظوری دی، جس کے بعد اسے حتمی شکل دے دی گئی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مالی مشکلات اور محدود وسائل کے باوجود کوشش کی گئی ہے کہ عوام پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہ کیا جائے اور بجٹ کو مکمل طور پر عوامی فلاح و بہبود پر مرکوز رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے دستیاب وسائل کے بہتر استعمال اور عوامی ریلیف کو ترجیح دی ہے۔ ان کے مطابق وفاق کو حصہ دینے کے باعث مالی دباؤ ضرور رہا، تاہم اس کے باوجود ایک عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے سینئر وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، عظمیٰ زاہد بخاری، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل اور بجٹ کی تیاری میں شامل پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔
انہوں نے کہا کہ تمام اداروں نے ایک ٹیم کی صورت میں کام کرتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔مریم نواز شریف نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو صوبائی آمدن میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ امید اور ترقی کا عکاس ہے، جس کے ذریعے صوبے کے اپنے وسائل سے عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ حکومت گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی عوامی توقعات پر پورا اترے گی۔