بھارتی کرکٹر کے لعل رمروتا مقامی میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

بھارتی کرکٹر کے لعل رمروتا مقامی میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

میزورام، بھارت: سابق رانجی ٹرافی کرکٹر کے لعل رمروتا 38 سال کی عمر میں مقامی کرکٹ میچ کے دوران اچانک انتقال کر گئے۔

رپورٹس کے مطابق لعل رمروتا خالد میموریل سیکنڈ ڈویژن اسکریننگ ٹورنامنٹ میں وینگھنوائی رائڈرز کرکٹ کلب (وی آر سی سی) کی نمائندگی کر رہے تھے، اور ان کا مقابلہ چاونپوئی کرکٹ کلب سے تھا۔ بیٹنگ مکمل کرنے کے بعد پویلین واپس جاتے ہوئے انہوں نے سینے میں درد کی شکایت کی، اور چند لمحوں بعد بے ہوش ہو کر زمین پر گر پڑے۔ فوری طبی امداد کے باوجود بعد ازاں ان کے انتقال کی تصدیق ہو گئی۔

کرکٹ ایسوسی ایشن آف میزورام (CAM) نے بھی تصدیق کی کہ لعل رمروتا کو میچ کے دوران فالج ہوا تھا۔کے لعل رمروتا نے میزورام کی نمائندگی کرتے ہوئے دو مرتبہ رانجی ٹرافی اور سات میچز سید مشتاق علی ٹرافی میں حصہ لیا، اور طویل عرصے تک مختلف مقامی کلبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے گراس روٹ سطح پر کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔