لاہور (کرائم رپورٹر) تھانہ گرین ٹاؤن میں ایس پی صدر شاہ رخ خان کی زیرِ صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں نے شرکت کر کے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ ایس پی صدر نے عوام کے مسائل بغور سنے اور موقع پر متعلقہ افسران کو ان کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔اس موقع پر ایس پی صدر شاہ رخ خان نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنا اور سفارشی کلچر کا خاتمہ کرنا ہے تاکہ شہری بلاجھجھک اپنے مسائل حکام تک پہنچا سکیں۔انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، عزت اور احترام سے پیش آئیں اور مسائل کے حل کو اولین ترجیح بنائیں۔