ٹول پلازے اور انٹرچینجز کھل گئے، ہیلپ لائن سے رہنمائی کی ہدایت

لاہور (کرائم رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کی ٹرانسمیشن وائرز کی مرمت کے بعد موٹروے ایم-5 کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق اقبال آباد اور گڈو کے مقام پر قائم تمام عارضی ٹریفک ڈائیورڑن ختم کر دیے گئے ہیں اور موٹروے پر معمول کی آمدورفت بحال ہو چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ موٹروے ایم-5 کے تمام ٹول پلازے اور انٹرچینجز ہر قسم کی ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ مرمتی کام کل تک مکمل کر لیا جائے گا۔موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل تازہ ترین ٹریفک معلومات اور رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔