کم عمر لڑکی کی شادی کروانے کی کوشش، دلہا سمیت 3گرفتار

وہاڑی (خصوصی رپورٹ) تھانہ گڑھاموڑ پولیس نے نواحی علاقے چک نمبر 106 ڈبلیو بی کی بستی لالیاں والی میں 15 سالہ کم عمر لڑکی کی مبینہ شادی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 34 سالہ دلہا، اس کے والد اور دلہن کے والد کو گرفتار کر لیا، جبکہ دلہن، اس کی والدہ اور نکاح خواں موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق 92 ڈبلیو بی کے رہائشی محمد عامر بھٹی کی شادی کم عمر لڑکی زنیرہ سے کرائی جا رہی تھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے رخصتی سے قبل شادی کی تقریب پر چھاپہ مارا اور تین افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دلہن، اس کی والدہ اور نکاح خواں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔