ہونہاروں کے لیے خوشخبری: پنجاب بجٹ میں 15 ارب کی اسکالرشپس کا اعلان

ہونہاروں کے لیے خوشخبری: پنجاب بجٹ میں 15 ارب کی اسکالرشپس کا اعلان

پنجاب کے وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے پنجاب اسمبلی میں مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے تعلیم کے شعبے کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈز مختص کرنے کا اعلان کیا۔

بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کے غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 661 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جو کہ تعلیم کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دینے کا مظہر ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ:ہونہار اسکالرشپس کے لیے 15 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، تاکہ ذہین مگر مالی لحاظ سے کمزور طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ساڑھے 4 ارب روپے سے طلباء کو وظائف دیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی تعلیمی ضروریات بہتر طور پر پوری کر سکیں۔سی ایم پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت یونیورسٹی طلباء کے لیے 27 ارب روپے اور کالج طلباء کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت 1,12,000 طلباء کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے 5 ارب روپے رکھے گئے ہیں، تاکہ تعلیمی اداروں میں ماحول کو بہتر اور جدید بنایا جا سکے۔حکومت پنجاب کا یہ بجٹ تعلیم کے میدان میں سرمایہ کاری کے ایک نئے دور کی علامت قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید تعلیم، ٹیکنالوجی اور مواقع سے آراستہ کرنا ہے۔