ویب ڈیسک: پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) بورڈ نے پنجاب کے سالانہ ترقیاتی بجٹ کے ابتدائی اعدادوشمار میں رد و بدل کر دیا ہے، جس کے تحت آئندہ مالی سال کا ترقیاتی بجٹ 1215 ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔
پی اینڈ ڈی بورڈ ذرائع کے مطابق:
تعلیم کے شعبے کیلئے 130 ارب روپے کی تجویز دی گئی ہے۔
ہیلتھ سیکٹر کا بجٹ 150 ارب روپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
بلدیاتی و سیوریج منصوبوں پر 100 ارب روپے سے زائد خرچ کرنے کی تجویز ہے۔
ہاوسنگ منصوبوں کیلئے 90 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
ٹرانسپورٹ منصوبوں پر 95 ارب روپے خرچ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف محکموں کی جانب سے آنے والی نئی تجاویز کے بعد ان شعبہ جات کے بجٹ میں مزید تبدیلیاں متوقع ہیں، اور ترقیاتی پروگرام میں مزید رد و بدل کا امکان موجود ہے۔پی اینڈ ڈی بورڈ ان سفارشات کو حتمی شکل دینے کے بعد حکومت پنجاب کو بجٹ تجاویز پیش کرے گا، جس کے بعد حتمی منظوری دی جائے گی۔