اسرائیلی فوج کا دعویٰ: ایران کے میزائل لانچرز تباہ، جوہری پروگرام کو بھی نشانہ بنایا

اسرائیلی فوج کا دعویٰ: ایران کے میزائل لانچرز تباہ، جوہری پروگرام کو بھی نشانہ بنایا

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے ایک تہائی زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل لانچرز کو تباہ کر دیا ہے اور ایران کے جوہری پروگرام کے دفاتر کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈفرین نے ایک اہم بریفنگ کے دوران کہا کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ رات ایران کے اندر 20 سے زائد اہداف پر حملے کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں کا مقصد ایران کے میزائل پروگرام اور جوہری خطرے کو کمزور کرنا ہے۔ترجمان کے مطابق اسرائیل نے ایران پر فضائی برتری حاصل کر لی ہے اور مشرق کی جانب پیش قدمی جاری ہے۔ ایفی ڈفرین نے کہا کہ اسرائیل آئندہ بھی ایران کے حساس عسکری اور جوہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بناتا رہے گا تاکہ "علاقائی سلامتی" کو یقینی بنایا جا سکے۔

ان دعوؤں پر تاحال ایران کی طرف سے کوئی واضح ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم گزشتہ روز ایران کی جانب سے بھی بڑے پیمانے پر اسرائیل پر میزائل حملے کیے گئے تھے، جنہوں نے اسرائیل کے دفاعی نظام کو شدید دباؤ میں ڈال دیا تھا۔تجزیہ کاروں کے مطابق یہ حملے مشرقِ وسطیٰ میں تناؤ کو نئی سطح پر لے جا سکتے ہیں اور کسی بڑی جنگ کا پیش خیمہ بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔