خوبصورتی کی صنعت کے لیجنڈ لیونارڈ لاڈر دنیا سے رخصت ہو گئے

خوبصورتی کی صنعت کے لیجنڈ لیونارڈ لاڈر دنیا سے رخصت ہو گئے

عالمی شہرت یافتہ کاسمیٹکس برانڈ ایسٹی لاڈر کے سابق سربراہ اور ارب پتی تاجر لیونارڈ لاڈر 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

لیونارڈ لاڈر، مشہور کاسمیٹکس بانی جوڑی ایسٹی اور جوزف ایچ لاڈر کے بڑے بیٹے تھے۔ انہوں نے نہ صرف اپنی والدہ کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا بلکہ خوبصورتی اور میک اپ کی صنعت میں کئی انقلابی تبدیلیاں متعارف کروائیں جنہوں نے اس شعبے کی سمت ہی بدل دی۔

ان کی موت کی تصدیق کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کی گئی۔ ان کے بیٹے اور کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ویلیم پی لاڈر نے کہا:

"میرے والد نے اپنی پوری زندگی خوبصورتی کی صنعت کو ترقی دینے اور اسے ایک عالمی معیار پر پہنچانے میں صرف کی۔"
ابتدائی زندگی اور تعلیم:
لیونارڈ لاڈر 1933 میں نیویارک کے ایک یہودی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ بچپن میں وہ اپنی والدہ کے ساتھ بیوٹی سیلونز جاتے اور کاسمیٹک مصنوعات کے ڈبے پیک کرنے میں مدد کرتے۔ بعد ازاں وہ امریکی نیوی میں 3 سال تک خدمات انجام دیتے رہے، جس کے بعد انہوں نے کولمبیا یونیورسٹی کے بزنس اسکول سے تعلیم حاصل کی۔

کمپنی میں شمولیت اور ترقی:
1958 میں، 25 برس کی عمر میں، لیونارڈ نے باضابطہ طور پر ایسٹی لاڈر کمپنی میں شمولیت اختیار کی۔ اس وقت کمپنی کی سالانہ آمدنی ایک ملین ڈالر سے بھی کم تھی۔ لیکن ان کی قائدانہ صلاحیتوں نے اس چھوٹی کمپنی کو ایک عالمی کاسمیٹکس ایمپائر میں تبدیل کر دیا۔

ایسٹی لاڈر کمپنی کے تحت کلینیک، لا میر، دی آرڈنری، ایم اے سی کاسمیٹکس اور بابی براؤن جیسے مشہور برانڈز شامل ہیں، جنہیں دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہے۔

خدمات اور وراثت:
1972 سے 1995 تک کمپنی کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں
1982 سے 1999 تک چیف ایگزیکٹو آفیسر رہے
1995 سے 2009 تک کمپنی کے بورڈ کے چیئرمین رہے
1995 میں انہوں نے کمپنی کو اسٹاک مارکیٹ میں متعارف کروایا، جس کے بعد کمپنی نے حیران کن ترقی کی
آج ایسٹی لاڈر کی مارکیٹ ویلیو 24 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ لیونارڈ لاڈر کی ذاتی دولت کا تخمینہ 15.6 ارب ڈالر لگایا گیا تھا۔