اسرائیل ایران جنگ :دنیاوی امن خطرے میں پڑ سکتا ہے : رانا تنویر

 پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کو بجٹ تحفظات پر اللہ ہدایت دیگا،شیخوپورہ کے لیے بڑی ترقیاتی پیکیج لا رہے ہیں
شیخوپورہ (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران جنگ میں عالمی برادری نے مداخلت نہ کی تودنیاوی امن خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک بدمعاش ملک ہے، اس کی جانب سے ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، وزیراعظم کی جانب سے واضع پیغام دیا جاچکا ہے، ہم ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران اسرائیل تنازع میں عالمی برادری نے اگر مداخلت نہ کی تو تیسری جنگ کے حالات بن سکتے ہیں، دنیا کا امن اس وقت خطرے میں ہے، بھارت آج تک اپنے زخم چاٹ رہا ہے وہ کسی صورت دوبارہ جارحیت کا سوچ بھی نہیں سکتا۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے،ایک سال کے اندر ہم نے معاشی طور پر بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں، ملکی مہنگائی 40 فیصد سے ساڑھے 4 فیصد پر آ چکی ہے،موجودہ بجٹ میں عوام کو وہ ریلیف نہیں دے سکے جو عوام کی توقعات تھیں۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں عوام کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کو بجٹ تحفظات پر اللہ ہدایت دے گا، شہر کے لیے بڑی ترقیاتی پیکیج لا رہے ہیں۔