اسرائیلی وزیراعظم کا امریکی دورہ منسوخ، سرکاری دفتر نے وجہ بتا دی

اسرائیلی وزیراعظم کا امریکی دورہ منسوخ، سرکاری دفتر نے وجہ بتا دی

تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے آئندہ ہفتے امریکا کا اپنا مجوزہ دورہ مؤخر کر دیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دورہ امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کی یادگاری تقریب ملتوی ہونے کے باعث مؤخر کیا گیا ہے۔اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو ہفتے کے روز امریکا روانہ ہونے والے تھے اور منگل تک ان کا قیام طے تھا۔ دورے کا بنیادی مقصد امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کی یادگاری تقریب میں شرکت اور امریکی حکام سے ملاقاتیں کرنا تھا۔وزیراعظم کے دفتر کے مطابق جب یادگاری تقریب ملتوی کی گئی تو اس کے بعد نیتن یاہو نے بھی اپنا دورہ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔ فی الحال اسرائیلی حکومت کی جانب سے نئے دورے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔لنڈسے گراہم گزشتہ ہفتے مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ وہ امریکی سینیٹ کی نمایاں شخصیات میں شمار ہوتے تھے اور اسرائیل کے مضبوط حامی جبکہ ایران کے سخت ناقد سمجھے جاتے تھے۔ مشرق وسطیٰ سے متعلق امریکی پالیسیوں میں بھی ان کا کردار اہم تصور کیا جاتا تھا۔

بنیامین نیتن یاہو نے گراہم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنا قریبی دوست قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ لنڈسے گراہم نے ہمیشہ امریکا اور اسرائیل کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور اسرائیل کی سلامتی کے لیے بھرپور حمایت کی۔سیاسی مبصرین کے مطابق دورہ مؤخر ہونے سے امریکا اور اسرائیل کے درمیان طے شدہ بعض اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے شیڈول میں بھی تبدیلی آ سکتی ہے، تاہم دونوں ممالک کے سفارتی روابط بدستور جاری رہیں گے اور نئے دورے کی تاریخ مناسب وقت پر طے کیے جانے کا امکان ہے۔