رومن پاول کا حارث رؤف پر حملہ، ایک اوور میں لگاتار 4 چھکے، ویڈیو وائرل

رومن پاول کا حارث رؤف پر حملہ، ایک اوور میں لگاتار 4 چھکے، ویڈیو وائرل

میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) 2026 کے پہلے کوالیفائر میں لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سان فرانسسکو یونی کارنز کو 7 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں سان فرانسسکو یونی کارنز کے کپتان میتھیو شارٹ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز نے مقررہ 20 اوورز میں 187 رنز کا مضبوط مجموعہ اسکور کیا۔لاس اینجلس کی جانب سے کولن منرو نے 44 گیندوں پر 51 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ آندرے رسل نے 41 گیندوں پر جارحانہ نصف سنچری اسکور کی۔ تاہم میچ کا رخ روومن پاول کی دھواں دار بیٹنگ نے موڑ دیا، جنہوں نے صرف 15 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے آخری اوورز میں مسلسل چھکوں کی برسات کر دی۔روومن پاول نے اپنی برق رفتار اننگز کے دوران 19ویں اوور میں پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کو لگاتار چار چھکے بھی جڑے، جس سے لاس اینجلس کا مجموعہ 187 رنز تک جا پہنچا۔

188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سان فرانسسکو یونی کارنز کے کپتان میتھیو شارٹ نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے 62 گیندوں پر ناقابل شکست 94 رنز بنائے، تاہم انہیں دوسرے اینڈ سے خاطر خواہ ساتھ نہ مل سکا۔سان فرانسسکو کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز ہی بنا سکی، یوں لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز نے 7 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے تاریخ میں پہلی بار میجر لیگ کرکٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔