میجر لیگ کرکٹ: واشنگٹن فریڈم نے ٹی ٹوئنٹی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف عبور کر لیا

میجر لیگ کرکٹ: واشنگٹن فریڈم نے ٹی ٹوئنٹی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف عبور کر لیا

امریکا کی میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) 2026 کے ایلیمینیٹر میں واشنگٹن فریڈم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

سنسنی خیز مقابلے میں مجموعی طور پر 51 چھکے لگائے گئے، جبکہ پہلی بار کسی ٹی ٹوئنٹی میچ میں تین بلے بازوں نے سنچریاں اسکور کرنے کا منفرد اعزاز بھی حاصل کیا۔ایم آئی نیویارک نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کیا۔ نکولس پوران نے صرف 31 گیندوں پر دھواں دار سنچری اسکور کرتے ہوئے میجر لیگ کرکٹ کی تیز ترین سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔کپتان کیرون پولارڈ نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر 64 رنز بنائے اور اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں ایک ہزار چھکوں کا تاریخی سنگ میل عبور کیا۔ واشنگٹن فریڈم کی جانب سے رچن رویندرا نے چار وکٹیں حاصل کر کے حریف ٹیم کو اس سے بھی بڑے اسکور تک پہنچنے سے روک دیا۔267 رنز کے ہدف کے تعاقب میں واشنگٹن فریڈم کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 10 رنز پر دو وکٹیں گر گئیں، تاہم آندریس گوس اور اسٹیو اسمتھ نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 241 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کر دی۔

دونوں بلے بازوں نے صرف 40، 40 گیندوں پر اپنی اپنی سنچریاں مکمل کیں، جبکہ آندریس گوس میجر لیگ کرکٹ میں سنچری بنانے والے پہلے امریکی بلے باز بھی بن گئے۔واشنگٹن فریڈم نے 267 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 18.4 اوورز میں حاصل کر لیا، جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کا کامیاب ترین رن چیز ہے۔ اس فتح کے ساتھ واشنگٹن فریڈم نے ایلیمینیٹر ٹو کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں اس کا مقابلہ سان فرانسسکو یونی کارنز سے ہوگا۔