گنڈا پور کی 90دن سے متعلق اپنی رائے ہوسکتی ہے، پارٹی کا فیصلہ نہیں: سلمان اکرم

 بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے 5اگست کو تحریک عروج پرہونی چاہیے، اس سے آگے کی کوئی بات نہیں کی ،سیکرٹری جنرل
اسلام آباد(آئی این پی ) پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہاہے کہ علی امین گنڈاپور کی 90دن سے متعلق اپنی رائے ہوسکتی ہے، پارٹی کا فیصلہ نہیں۔ایک انٹرویو میں سلمان اکرم راجا نے کہاکہ لاہورمیں پروگرام کا مقصد پارلیمانی پارٹیز کے سارے لوگ پنجاب میں جمع ہوں، پنجاب میں فسطائیت کا ماحول رہا ہے، لاہور میں اکٹھے ہونے کا مقصد اپنی پاور ظاہر کرنا تھا۔سیکرٹری جنرل نے بتایا کہ بہت سے ارکان کو معلوم نہیں تھا کہ اجلاس کہاں ہوگا، پارلیمانی پارٹی کے عشایئے میں شرکت نہیں کی۔سینیٹ الیکشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کیلئے جس نے کام کیا، سینیٹ کے ٹکٹ کیلئے پہلا حق اس کابنتاہے ، دولت سے سینیٹ کے ٹکٹ کیلئے جگہ بنانا ہرگز غلط ہے، سینیٹ کے ٹکٹ کیلئے اصولی بات بالکل واضح ہے، اسی پر کھڑا رہوں گا، کسی بھی الیکشن میں پیسے کا عمل دخل نہیں ہونا چاہیے۔پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری نے کہا کہ 90دن کے نمبر سے متعلق پارٹی میں کوئی مشاورت نہیں ہوئی،علی امین کی ذاتی رائے ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کے لئے بانی پی ٹی آئی کی رائے ہی مقدم ہے، بانی پی ٹی آئی نے یہی کہا ہے 5اگست کو تحریک عروج پرہونی چاہیے، بانی پی ٹی آئی نے اس سے آگے کی کوئی بات نہیں کی۔