ایک اور 90دن کا پلان ، لگتا ہے علی امین نے اپنی نوکری کیلئے وقت مانگا ہے: عظمیٰ بخاری

 وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا مطالعاتی دورے پر لاہور آئے ہیں، 90روزہ تحریک حکومت بچانے کا بہانہ ہے،علی امین گنڈا پور صرف بڑھکیں مارتے ہیں
 بطور وزیر اعلیٰ آئیں تو ان کی مہمان نوازی کریں گے، اگر اسلحے کیساتھ آئیں گے تواس کی اجازت نہیں ہو گی،صوبائی وزیراطلاعات کی میڈیا سے گفتگو 
لاہور(آئی این پی )پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا مطالعاتی دورے پر لاہور آئے ہیں ، 90روزہ تحریک حکومت بچانے کا بہانہ ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علی امین گنڈاپور بطور وزیر اعلیٰ آئیں تو ان کی مہمان نوازی کریں گے، اگر اسلحے کیساتھ آئیں گے تواس کی اجازت نہیں ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو پنجاب میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی، پنجاب کی ترقی کو آگ نہ لگائیں تو ہمیں وزیراعلیٰ کے لاہور آنے پر کوئی اعتراض نہیں،علی امین گنڈا پور صرف بڑھکیں مارتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی لوگ ہی سیاسی لوگوں سے مذاکرات کرتے ہیں ، جن پر تنقید کرتے ہیں انہی لوگوں کو ہی مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں ،ایک اور 90 دن کا پلان آیا ہے، لگتا ہے وزیراعلیٰ نے اپنی نوکری کیلئے وقت مانگا ہے۔صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ سب کو پتا ہے گنڈاپور خود کتنے بڑے صادق اورامین ہیں،جتنا ظلم ان کی پارٹی نے پاکستان کے ساتھ کیا کسی سیاسی جماعت نے نہیں کیا، آپ کی جماعت نے پاکستان کو سری لنکا بنانے کی کوشش کی، پی ٹی آئی جیسی فاشسٹ اوردہشتگرد جماعت تاریخ میں کبھی نہیں آئی۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب بھی کوئی بات یا مفاہمت ہوگی تو وہ صرف جمہوری قوتوں سے ہی ہوگی، انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ٹرمپ کی کال کا انتظار کرتے کرتے جیل جا پہنچے، پی ٹی آئی نے ہمیشہ عوام کو گمراہ کیا، نہ ملک کی معیشت بچائی، نہ امن قائم کیا،ہیرے جواہرات سے لیکر زمین بھی اپنی بیوی کے نام کرانے جیسے مذاق کیے، بلین ٹری سونامی بیچ کر کھاگئے ان کیلئے 190ملین پائونڈز شاید کچھ نہ ہوں۔انہوںنے کہا کہ ایک طرف یہ کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی قوم کیلئے لڑرہا ہے، عمران خان کو کھانے میں گوشت نہ ملے تو ان کی جان نکل جاتی ہے،اب یہ اسٹیبلشمنٹ کو پکاررہے ہیں کہ میری بات سن لو،آج بھی علی امین گنڈاپور نے جعلی مولا جٹ بننے کی کوشش کی،اب وہ مذاق بن چکے ہیں۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کسی کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں یہ اپنے لیے کافی ہیں، یہ آج سب کچھ اپنی حرکتوں کی وجہ سے بھگت رہے ہیں، جو یہ آج بھگت رہے ہیں اس میں کسی سیاسی پارٹی کا قصور نہیں،ان کے لیڈر کہتے ہیں 9مئی ہمارے خلاف سازش تھی، ورکرز کو فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچانے،شہداء کی یادگاروں کی توہین کیلئے کس نے بھیجا تھا؟ ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سانحہ سوات ہو یا سانحہ لورالائی، کسی بھی اہم قومی سانحے پر عمران خان کا کوئی بیان نہیں آیا، ان کی خاموشی مجرمانہ ہے، پی ٹی آئی کے بیانیے اور طرز سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا، اور اب 90 دن کی تحریک ایک سیاسی ڈراما ہے جس کا مقصد صرف اپنے اقتدار کو طول دینا ہے۔