محکمہ خزانہ پنجاب نے سبسڈی اور اخراجات کی مد میں رقم جاری کردی،محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو بھی ایک ارب جاری، اورنج لائن کا بجٹ آن لائن کر دیا گیا،ذرائع
لاہور (آن لائن)پنجاب حکومت نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر سبسڈی جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ نے اس مد میں 7 ارب روپے جاری کر دیے ہیں، جن کا مقصد اورنج لائن کی بلا تعطل سروس، آپریشنل اخراجات اور سبسڈی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔محکمہ خزانہ نے اورنج لائن کے مکمل مالیاتی بجٹ کو آن لائن بھی کر دیا ہے تاکہ شفافیت برقرار رہے اور عوامی فنڈز کے استعمال کی نگرانی ممکن ہو سکے۔اس کے ساتھ ساتھ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو بھی ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ صحت کے شعبے میں جاری منصوبہ جات اور سہولیات میں بہتری لائی جا سکے۔حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اقدامات وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں عوامی فلاح اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں۔