کوچ کی موجودگی میں سعد بے ہوش ہو کر پانی میں ڈوبا، سکول انتظامیہ لاعلم نکلی، ذرائع
فرسٹ ایڈ نہ ملنے اور ایمبولینس دستیاب نہ ہونے سے بیٹا جانبر نہ ہو سکا، والد کا الزام
لاہور (آن لائن)خیابان جناح میں واقع ایک نجی سکول کے سوئمنگ پول میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 13 سالہ سعد ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ذرائع کے مطابق سعد نجی سکول کا طالبعلم نہیں تھا بل کہ وہ اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ سوئمنگ کرنے آیا تھا۔ واقعے کے وقت کوچ موجود تھا، تاہم بچے کے بے ہوش ہونے کے باوجود بروقت طبی امداد فراہم نہ کی جا سکی۔بچے کو فوری طور پر ممتاز بختاور ٹرسٹ ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔متوفی کے والد جاوید اقبال کے مطابق سکول میں نہ تو فرسٹ ایڈ کی سہولت دستیاب تھی اور نہ ہی بچے کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے کوئی ایمبولینس یا گاڑی موجود تھی، جس کے باعث قیمتی جان ضائع ہو گئی۔ادھر واقعے پر سکول میں زیر تعلیم بچوں کے والدین نے بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔