9سالہ رامین فیملی کیساتھ نہانے آئی ،پول میں کھلے گہرے ہول میں گر نالے میں جا پہنچی
پولیس نے نجی واٹر پارک میں غفلت برتنے والے3ذمہ دار وںکو گرفتار کرلیا، مقدمہ درج
لاہور(کرائم رپورٹر)باٹاپور میں واقع واٹر پارک میں مبینہ انتظامی غفلت کے باعث 9 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔ اہل خانہ کے مطابق رامین فاطمہ اپنی فیملی کے ہمراہ واٹر پارک نہانے آئی تھی کہ سوئمنگ پول میں موجود مبینہ کھلے گہرے ہول میں گرنے کے بعد نالے میں جا پہنچی۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ واٹر پارک انتظامیہ ایک گھنٹے تک بچی کی تلاش کی یقین دہانی کراتی رہی، تاہم بعد ازاں فیملی نے اپنی مدد آپ کے تحت نالے سے بچی کی لاش نکالی۔ بچی کے ماموں سعد کے مطابق انتظامیہ بروقت کارروائی کرتی تو شاید قیمتی جان بچائی جا سکتی تھی۔لاہور پولیس نے نجی واٹر پارک میں بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ میں غفلت برتنے والے3ذمہ داران کو گرفتار کرلیا۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق رامین فاطمہ کی موت پول کے کھلے مین ہول میں گرنے سے ہوئی، حادثہ مین ڈرین ہول پر جالی نہ لگنے سے پیش آیا۔ تھانہ باٹا پور میں متاثرہ بچی کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 1564/26 درج کر لیا گیا۔واقعہ میں غفلت اور ذمہ داری کے تعین کے لیے پولیس کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعہ کے ذمہ داران مینیجر واٹر پارک ثناء اللہ، سکیورٹی انچارج نوید اور انچارج سی سی ٹی وی کیمرہ آصف کو گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا اس موقع پر کہنا تھا کہ واقعہ میں غفلت یا کوتاہی کے مرتکب کسی بھی شخص کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے، تفتیش تمام پہلوؤں سے جاری ہے۔ لاہور پولیس متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کرے گی۔ فیصل کامران نے مزید کہا کہ بچی کی موت کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔