دہلی کے غیر منتخب نمائندے کشمیر کے منتخب عوامی نمائندوں کو قید میں رکھے ہوئے ہیں،وزیراعلیٰ عمرعبداللہ
نئی دہلی (آئی این پی )کشمیر پر قابض بھارت کشمیریوں کی تاریخی اور مذہبی شناخت مٹانے کی مذموم کوشش کررہا ہے اور قابض مودی سرکارکشمیری عوام کی جدوجہدآزادی کو دبانے کی سازشوں میں مصروف ہے ۔بھارت میں مودی سرکار نے کشمیریوں کو یومِ شہداء کی تقریب کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مودی سرکار کی جانب سے مہاراجا ہری سنگھ کی خودساختہ آمریت کے خلاف جانیں قربان کرنے والے کشمیری شہداء کی تقریب پر عائد پابندی برقرار ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق کشمیری شہداء کے دنوں کو سرکاری تعطیلات سے نکال دیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی انتظامیہ نے کشمیری شہداء کے یادگار پروگرام کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔سری نگر کے متعدد علاقوں میں سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ اس موقع پر جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں جمہوریت درحقیقت غیر منتخب افراد کے جبر کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے غیر منتخب نمائندے یہاں کے منتخب عوامی نمائندوں کو قید میں رکھے ہوئے ہیں۔