ہمارے پاس کالعدم ٹی ٹی پی اور افغان طالبان کے گٹھ جوڑ کے ٹھوس ثبوت موجودہیں:وزیراعظم شہباز شریف

 ہمارے پاس کالعدم ٹی ٹی پی اور افغان طالبان کے گٹھ جوڑ کے ٹھوس ثبوت موجودہیں:وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی اور افغان طالبان کے درمیان گٹھ جوڑ کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں اور دہشتگردوں کو وسائل دشمن کے ذریعے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں قومی پیغامِ امن کمیٹی کا کردار انتہائی اہم ہے، جس کے ذریعے اتحاد، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔وزیراعظم نے قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین سے خطاب میں کہا کہ قیام پاکستان میں علما کرام اور اقلیتی برادری نے اہم کردار ادا کیا اور آزادی کے وقت لاکھوں لوگوں نے وطن کے لیے قربانیاں دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد سب کو برابر حقوق دینا تھا اور آج ملک ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمتوں سے مالا مال ہے، جنہیں بروئے کار لا کر غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ اور قرضوں سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مئی 2025 میں افواجِ پاکستان کی بھارت پر فتح کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں حاصل ہوئی۔وزیراعظم نے کہا کہ آج سب سے بڑا چیلنج دہشتگردی ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ پاکستانی شہید ہو چکے ہیں، جنہوں نے وطن کی آبیاری کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف خود قربانیاں دی بلکہ دنیا کو بھی دہشتگردی سے محفوظ بنانے میں کردار ادا کیا۔شہباز شریف نے واضح کیا کہ ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کے درمیان گٹھ جوڑ موجود ہے، دہشتگردوں کو دشمن کی جانب سے وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں، لیکن جیسے ماضی میں دہشتگردی کا ناسور ختم کیا گیا، آج بھی اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا اور دہشتگردوں کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحرِ ہند میں ڈبو دیا جائے گا۔آخر میں وزیراعظم نے کہا کہ آج اتحاد اور یکجہتی کی پہلے کبھی اتنی ضرورت نہیں تھی اور قومی مسائل کو مل بیٹھ کر حل کرنا ہوگا تاکہ پاکستان امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھتا رہے۔