مری میں شدید برفباری متوقع، ڈی پی او کا داخلی راستوں پر کڑی نگرانی کا حکم ،کراچی میں 6 پروازیں منسوخ
لاہور ( کرائم رپورٹر)پی ڈی ایم اے پنجاب نے بیشتر اضلاع میں بارش اور سردی کی شدت میں اضافے بارے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج 16 سے 19 جنوری کے دوران مغربی ہوائوں کا سسٹم پنجاب داخل ہوگا،20 سے 23 جنوری کے دوران مری ،گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش کا امکان ہے،اسی دوران لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویڑن میں بارش متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھی پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید دھند چھائی رہی ، کراچی میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ 50 میٹر رہ گئی جس سے فلائٹ آپریشن متاثر ہو گیا اور 6 پروازیں منسوخ،10تاخیر کا شکار ہو گئیں، محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہا، خطہ پوٹھوہار اورکشمیر میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑا۔ علاوہ ازیں کم سے کم درجہ حرارت لہہ ، سکردومنفی11، گوپس منفی 9، استور ، گلگت منفی 8 اوربگروٹ میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شدید دھند کے باعث موٹروے پولیس سنٹرل ریجن نے موٹروے ایم-2 لاہور تا کوٹ مومن ،موٹروے ایم-3 فیض پور تا درخانہ اور موٹروے ایم-4 پنڈی بھٹیاں تا ملتان ، ایم-5 روہڑی تا گھوٹکی اور ایم-11 لاہور تا سمبڑیال کو عارضی طور پر بند بھی کر دیا،لاہور ایسٹرن بائی پاس پر ٹریفک بھی معطل رہی۔ ادھر کلورکوٹ میں ایم ایم روڈ پر شدید دھند کے باعث ملازمین کی وین اور ٹرالر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں چشمہ اٹامک انرجی کے18ملازم زخمی ہو گئے، دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ،تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 21سے 23جنوری کے دوران بلوچستان ،پختونخوا، کشمیر کے مختلف اضلاع میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے، اس دوران لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری ڈاکٹرمحمد رضا تنویر سپرا نے21 جنوری تک متوقع شدید برفباری کے پیشِ نظر مری کے تمام داخلی راستوں پر کڑی نگرانی کا حکم دیتے ہوئے برف ہٹانے والی مشینری کو اہم شاہراہوں پر الرٹ کر دیا ہے۔کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 11 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ مختلف سمت سے 5 تا 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں متوقع ہیں، ملک کے دیگر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے، تاہم شمال مشرقی/جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائی رہے گی۔این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ دنوں میں جنوری کے آخر تک رات اور صبح کے اوقات میں شدید سرد موسم متوقع ہے، بالائی علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی برفباری کا امکان ہے جس کے باعث رابطہ سڑکیں، ٹرانسپورٹ اور بجلی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔