مریم نواز کا 3 کروڑ روپے تک بلا سود قرضے کی اسکیم کا اعلان

مریم نواز کا 3 کروڑ روپے تک بلا سود قرضے کی اسکیم کا اعلان

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ایک تقریب کے دوران اعلان کیا کہ حکومت 3 کروڑ روپے تک کے قرضے بلا سود فراہم کرے گی۔

 ان کا کہنا تھا کہ اس قرضے کے حصول کے لیے عوام کو آسان شرائط پر قرض دیا جائے گا، اور اگر قرضہ حاصل کرنے کے بعد کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا ہو تو حکومت مدد فراہم کرے گی۔مریم نواز نے مزید کہا کہ اس سے پہلے اپنا کاروبار شروع کرنا اتنا آسان نہیں تھا، مگر اب کاروبار کی شروعات کرنے والوں کو سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اور نواز شریف کی حکومت میں معیشت کو بہتر بنایا تھا اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا تھا۔

مریم نواز نے 2018 کے بعد معیشت کی خراب حالت کا ذکر کیا اور کہا کہ اس دوران معیشت کو تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اب معیشت دوبارہ بہتری کی جانب گامزن ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے اور اسٹاک ایکسچینج کی صورتحال بھی بہتر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور اس کے نتائج عوام تک پہنچنے شروع ہو گئے ہیں۔