لاپتا افراد کیس جس کا تعلق ایم کیو ایم سے ہو گا تو کیا اسے غائب کر دیں گے؟: جج کا استفسار

سندھ ہائی کورٹ میں 2017 سے لاپتا ایم کیو ایم کے کارکن کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت،جسٹس صلاح الدین کاشہری کی بازیابی سے متعلق موثر اقدامات کرنے کا حکم 
کراچی(آئی این پی)سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس صلاح الدین پہنور نے 2017 سے لاپتا ایم کیو ایم کے کارکن کی بازیابی سے متعلق کیس میں سوال اٹھایا ہے کہ جس کا تعلق ایم کیو ایم سے ہو گا تو کیا اسے غائب کر دیں گے؟۔سندھ ہائی کورٹ میں 2017 سے لاپتا ایم کیو ایم کے کارکن کی بازیابی سے متعلق درخواست پر جسٹس صلاح الدین پہنور نے سماعت کی۔درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ میرا بھائی محمد یوسف 2017 سے تھانہ سائٹ بی کی حدود سے لاپتا ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ لاپتا شہری کہاں ہے؟ اس کی بازیابی کے لیے اب تک کیا کارروائی ہوئی ہے؟ اس کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہے؟ شہری کا تعلق کسی سیاسی پارٹی سے تھا؟اس پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ لاپتا شہری کا تعلق ایم کیو ایم سے تھا۔جسٹس صلاح الدین پہنور نے اپنے ریماکس میں کہا کہ جس کا تعلق ایم کیو ایم سے ہو گا تو کیا اسے غائب کر دیں گے؟۔بعد ازاں عدالت نے لاپتاشہری کی بازیابی سے متعلق موثر اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست کی سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔