مریم نواز چاہتی ہیں کہ مذاکرات ناکام ہوں: اعجاز چودھری

 اپنے والد یا چچا کو کہیں کہ مذاکرات بند کروا دیں، ہم تو جیلوں میں پڑے ہیں، مزید کچھ عرصہ گزار لیں گے
    لاہور(یواین پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اعجاز چودھری کا کہنا ہے کہ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو تجویز دیتا ہوں کہ وہ اپنے والد نواز شریف یا چچا شہباز شریف کو کہیں کہ یہ لوگ مذاکرات بند کرا دیں، ہم تو جیلوں میں پڑے ہیں، مزید کچھ عرصہ اور گزار لیں گے، مریم نواز چاہتی ہیں کہ مذاکرات ناکام ہوں۔انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ایوان بالا میں پنجاب کا نمائندہ ہوں،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے میرے پروڈکشن آرڈر جاری کیے لیکن جیل حکام نے مجھے جانے نہیں دیا،یہ چیئرمین سینیٹ کی توہین ہے،میں چاہتا ہوں کہ صدر آصف زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اس کا نوٹس لیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہماری پہلی ترجیح ہے اور یہ مذاکرات ملک کے مفاد میں ہو رہے ہیں اس لیے ان کو جاری رہنا چاہیے۔