پروگرام کو تیزی سے مکمل کیا جائے‘ وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب، پروگرام کے لیے 62 ارب کی منظوری دے دی
لاہور (آئی این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے لیے 62 ارب روپے کی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا، اس دوران انہوں نے مئی تک 40ہزار قرضے دینے کا ہدف مقرر کر دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت قرضے دینے کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے، انہوں نے قرض 15سے 20 لاکھ روپے کرنے کی تجویز کا جائزہ لینے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں تقریباً 5 ہزار شہری اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت قرض حاصل کر چکے ہیں۔حکام کے مطابق صوبے میں اس پروگرام کے تحت 400سے زائد مکان تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ روڈا اور ہائوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے نادار خاندانوں کو بھی بنے بنائے گھر دیے جائیں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ چاہتی ہوں ہر بے گھر کے پاس اپنی چھت ہو اور اپنا گھر ہر شہری کا بنیادی حق ہے، لہٰذا اس پروگرام کو تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ صوبے کے لوگوں کو اپنی چھت میسر آسکے۔