لندن(آئی این پی)برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے رواں سال سیاحت کے لیے دنیا کے 50بہترین سیاحتی مقامات کی فہرست جاری کر دی۔فنانشل ٹائمز نے پاکستان کے گلگت بلتستان کو بھی فہرست میں شامل کیا ہے۔برطانوی اخبار نے لکھا ہے کہ گلگت بلتستان میں دنیا کے سب سے شاندار پہاڑی مناظر موجود ہیں، سیاح بہتر سکیورٹی، آسان رسائی اور بہتر رہائش کی سہولتوں کی وجہ سے یہاں کا رخ کر رہے ہیں،پاکستان نے گذشتہ سال اگست میں 120سے زائد ممالک کے شہریوں کے لیے آن لائن ویزے کی سہولت فراہم کی اور اب سکردو کے لیے پروازوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔برطانوی اخبار نے یہ بھی بتایا ہے کہ گلگت بلتستان میں 14روزہ گروپ ٹورز خطے کی ثقافت، تاریخ اور خوبصورت مناظر دیکھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں اور اس میں 6دن کی ٹریکنگ بھی شامل ہے۔