پاکستان نے 3 بار اڑان کی کوشش کی جو کریش ہوئی:احسن اقبال

 اڑان پاکستان کی کامیابی میں بینکوں کا اہم کردار ہوگا،ہر پروگرام کو کامیابی کیلئے وسائل چاہئیں
مالی شعبے کا کردار برآمدات بڑھانے میں اہم ہے:بینکوں کے صدور کی میڈیا کانفرنس  سے خطاب 

کراچی(آئی این پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے 3 بار اڑان بھرنے کی کوشش کی، جو کریش ہوئی۔کراچی میں سٹیٹ بینک افسران اور مختلف بینکوں کے صدور کی میڈیا کانفرنس میں وفاقی وزیر احسن اقبال اور گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد شریک ہوئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اڑان پاکستان کی کامیابی میں بینکوں کا اہم کردار ہوگا، کسی بھی پروگرام کو کامیابی کے لئے وسائل چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد ملک نے ترقی کی لیکن باقی دنیا سے ہم پیچھے رہ گئے ہیں، کامیاب ملکوں نے سیاسی استحکام، پالیسی تسلسل اور ریفارمز کا راستہ اپنایا۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان نے ماضی میں 3 بار اڑان بھرنے کی کوشش کی، جو کریش ہوئی، پہلی اڑنے کی کوشش 60 کی دہائی میں تھی 65 کی جنگ نے کریش کردی۔ان کاکہنا تھا کہ دوسری کوشش 90 تھی جو میوزیکل چیئر کی نذر ہوگئی، تیسری اڑنے کی کوشش 2016 میں کی جو 2018 کی تبدیلی کے نذر ہوگئی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے  کہا کہ اپریل 2022 میں سٹیٹ بینک اور حکومت نے مل کر کوششیں کیں، ہمارے ا عشاریے  بہتر ہوئے ہیں، شہباز شریف نے اس بدلائو میں بہت محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت اچھا موقع ہے کہ مل کر اڑان کی کوشش کریں، کوئی کامیاب ملک ایسا نہیں جس میں خواندگی 90 فیصد نہ ہو۔