سینٹر میں تربیت کیلئے بیرونِ ملک سے مستند ٹرینرز کو مدعو کیا جائیگا،ہارون اختر
لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹیکنیکل اسسٹنس سنٹرلاہور میں مصنوعی ذہانت سینٹر کا افتتاح کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا وڑن ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور مہارتوں خصوصا مصنوعی ذہانت سے آراستہ کیا جائے۔ مصنوعی ذہانت میں مہارت حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ دنیا تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو اسی رفتار سے تیار کرنا ہوگا۔ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق پٹاک نے جدید فنی مہارتوں کے فروغ کے لیے مصنوعی ذہانت سینٹر، الیکٹرک وہیکل سہولت اور پوڈکاسٹ سینٹر قائم کیا ہے۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ ان مہارتوں کا حصول ناگزیر ہو چکا ہے کیونکہ ٹیکنالوجی کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے پٹاک کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مصنوعی ذہانت کا دور ہے اور پاکستان کو عالمی مسابقت میں آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے اعلان کیا کہ مصنوعی ذہانت سینٹر میں اعلیٰ معیار کی تربیت کے لیے بیرونِ ملک سے مستند ٹرینرز کو مدعو کیا جائے گا۔ پاکستان کی اصل طاقت اسکے نوجوان ہیں، نوجوان سٹارٹ اپس اور جدت کے ذریعے کاروبار قائم کرتے اور ترقی کی منازل طے کرتے ہیں۔ جدت ہمیشہ نوجوان نسل ہی مستقبل کو مدنظر رکھ کر لاتی ہے۔