مریم نواز کی ہدایت پر راشن کارڈ اور نگہبان رمضان پروگرام کے تحت ماہِ رمضان میں محنت کشوں کو 10 ہزار روپے کی مالی معاونت فراہم کرنا باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
پہلے ہی روز 2 ارب روپے مستحق افراد میں تقسیم کیے گئے۔کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل نے راشن کارڈ کی تقسیم اور مالی امداد کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی دورے کیے۔ انہوں نے سوشل سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ لاہور سٹی اور شاہدرہ کا دورہ کیا اور جاری ورکرز کی بائیو میٹرک مانیرنگ کا معائنہ کیا۔کمشنر نے صنعتی علاقوں میں قائم مختلف یونٹس کا بھی دورہ کیا تاکہ امدادی رقوم کی شفاف اور بروقت تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر متعلقہ سوشل سکیورٹی ڈائریکٹرز نے نگہبان رمضان پروگرام اور مریم نواز راشن کارڈ کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
کمشنر ذوالفقار علی کھرل نے کہا کہ حکومت پنجاب محنت کش طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور امدادی رقم شفاف انداز میں مستحق افراد تک پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بائیو میٹرک سسٹم کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ آئندہ دنوں میں بھی مستحق محنت کشوں میں امدادی رقوم اور راشن کارڈز کی تقسیم جاری رہے گی۔