اسلام آباد(آئی این پی )اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نے ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کے اشتراک سے مارگلہ ہائیکنگ ٹریل تھری پر موتاپے کے خلاف ہائیک کا ایک پرجوش اور بامقصد انعقاد کیا۔ یہ سرگرمی محض ایک واک نہیں تھی بلکہ صحت مند طرزِ زندگی کے عملی پیغام کی جیتی جاگتی تصویر بن گئی، جہاں کلاس رومز کی سنجیدگی کی جگہ پہاڑوں کی تازگی نے لے لی۔تقریب کا آغاز رنگا رنگ اور علامتی انداز میں ہوا، جس میں ربن کاٹنے اور مقابلے کے آغاز کی تقاریب شامل تھیں۔ اس ماحول دوست مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں آئی ایم ڈی سی ہائیک اینڈ ایڈونچر کلب نے، پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا کی قیادت میں، کلیدی کردار ادا کیا اور ذمہ دارانہ تفریح کی ایک عمدہ مثال قائم کی۔سات سو سے زائد شرکا، جن میں میڈیکل، ڈینٹل، فزیکل تھراپی، میڈیکل لیب ٹیکنالوجی اور نرسنگ کے طلبہ و طالبات، اساتذہ، عملی میدان میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز و سرجنز اور ہیلتھ کیئر مینجمنٹ کے نمائندگان شامل تھے، پرجوش انداز میں دلکش پہاڑی راستے پر گامزن رہے