آسٹریلوی اداکارہ اور سماجی کارکن ریکل کارپانی طویل علالت کے بعد 45 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
ریکل کارپانی کئی عرصے سے ایک دائمی بیماری میں مبتلا تھیں، تاہم ان کی بیماری اور موت کی حتمی وجہ کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ ان کے اہلخانہ نے ان کی وفات کی تصدیق کی، اور بہن جارجیا کارپانی نے انسٹاگرام پر ایک بیان جاری کیا جس میں کہا:"انتہائی دکھ کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ ہماری خوبصورت بیٹی اور محبوب اداکارہ ریکل کارپانی طویل بیماری کے بعد اب ہم میں نہیں رہیں۔"اداکارہ کی آخری رسومات جمعہ، 19 دسمبر کو منعقد ہوں گی، جس میں صرف قریبی اہلخانہ اور دوست شرکت کریں گے۔ خاندان نے اس مشکل وقت میں پرائیویسی کی درخواست کی ہے اور مزید بیانات جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریکل کارپانی نے آسٹریلوی ٹیلی وژن میں ایک طویل اور کامیاب کیریئر بنایا اور بعد ازاں امریکی پروڈکشنز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ سماجی اور سیاسی امور میں بھی سرگرم رہیں اور خواتین کے حقوق کی بھرپور حامی تھیں۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے وہ عالمی مسائل، بشمول اسرائیل-فلسطین تنازع پر بھی آواز اٹھاتی رہیں۔