اسلام آباد: ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے اسٹیٹ انجینئرنگ کارپوریشن کے پنشن فنڈ میں کروڑوں روپے کے فراڈ کے مرکزی ملزم طلحہ رسول کو گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق طلحہ رسول نے 4 کروڑ 61 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز میں خرد برد کی تھی۔ میگا کرپشن کیس میں ملوث اس ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری دوران سماعت اسپیشل جج سینٹرل-II اسلام آباد نے خارج کر دی تھی، جس کے بعد اسے فوری طور پر گرفتار کیا گیا۔ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا کہ طلحہ رسول نے دیگر نامزد ملزمان کے ساتھ مل کر نجی بینک کی بلیو ایریا برانچ سے جعلی بینک چیکس اور دستخطوں کے ذریعے کروڑوں روپے کی خرد برد کی۔ ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ دیگر شریک ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔