ڈی سی نے میاں میر ہسپتال میں بچے کو قطرے پلا کر مہم کاافتتاح کیا
لاہور (خصوصی رپورٹ)ڈپٹی کمشنر لاہور موسیٰ رضا نے7 روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ یہ مہم لاہور میں پانچ سال سے کم عمر 22 لاکھ 30 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے وسیع ہدف کے ساتھ شروع کی گئی ہے۔ ڈی سی موسیٰ رضا نے ڈی ایچ کیو میاں میر ہسپتال میں بچے کو قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا، سی ای او ہیلتھ ودیگرافسر ہمراہ تھے۔ ضلع بھر میں 5825 موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلائیں گی۔ اسکے علاوہ ہسپتالوں اور مراکز صحت میں 371 فکسڈ ٹیمیں چوبیس گھنٹے ویکسی نیشن کیلئے موجود رہیں گی۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سخت نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے 214 ٹرانزٹ پوائنٹس کو فعال کیا گیا ہے، جہاں بچوں کی چیکنگ اور ویکسی نیشن کو لازم قرار دیا گیا ہے۔ ڈی سی نے ٹیموں کو واضح ہدایات جاری کیں کہ مہم کے دوران ہر بچے کی ویکسی نیشن کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اور فیلڈ میں موجود پولیو ورکرز ڈیجیٹل ڈیش بورڈ میں درست اندراج کو یقینی بنائیں۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی تحصیلوں میں مہم کی خود نگرانی کریں ،پولیو مہم کے دوران غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔