سری لنکا کے سابق کرکٹ کپتان ارجنا راناٹنگا بدعنوانی کے الزامات میں گرفتاری کے لیے زیرِ نظر

سری لنکا کے سابق کرکٹ کپتان ارجنا راناٹنگا بدعنوانی کے الزامات میں گرفتاری کے لیے زیرِ نظر

سری لنکا میں 1996 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے فاتح کپتان اور سابق وزیرِ پٹرولیم ارجنا راناٹنگا کو بدعنوانی کے الزامات میں گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، تاہم عدالت کو بتایا گیا ہے کہ وہ اس وقت بیرونِ ملک ہیں اور وطن واپسی پر انہیں حراست میں لیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سری لنکن حکام نے پیر کو عدالت کو آگاہ کیا کہ سابق کپتان ارجنا راناٹنگا کے خلاف کرپشن کے مقدمے میں گرفتاری کی تیاری کی جا رہی ہے۔ یہ الزامات ان کے وزارتِ پٹرولیم کے دور سے متعلق ہیں۔بدعنوانی پر نظر رکھنے والے ادارے کمیشن ٹو انویسٹی گیٹ الیگیشنز آف برائبری یا کرپشن کے مطابق ارجنا راناٹنگا اور ان کے بھائی پر الزام ہے کہ انہوں نے طویل المدتی تیل کی خریداری کے معاہدوں کے طریقۂ کار میں تبدیلی کی اور اسپاٹ خریداری مہنگی قیمت پر کی۔ کمیشن کے مطابق 2017 میں کیے گئے 27 سودوں سے ریاست کو مجموعی طور پر 800 ملین سری لنکن روپے (تقریباً 50 لاکھ ڈالر) کا نقصان ہوا۔کمیشن نے کولمبو کے مجسٹریٹ آسانگا بوداراگاما کو بتایا کہ ارجنا راناٹنگا اس وقت بیرونِ ملک ہیں اور وطن واپسی پر انہیں گرفتار کیا جائے گا۔

اس کیس میں ارجنا راناٹنگا کے بڑے بھائی دھمیکا راناٹنگا، جو اُس وقت سرکاری ملکیتی سیلون پیٹرولیم کارپوریشن کے چیئرمین تھے، کو پیر کے روز گرفتار کیا گیا تاہم بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ عدالت نے دھمیکا راناٹنگا پر سفری پابندی بھی عائد کر دی ہے، وہ سری لنکا اور امریکہ کی دوہری شہریت رکھتے ہیں۔ کیس کی اگلی سماعت 13 مارچ کو مقرر کی گئی ہے۔ارجنا راناٹنگا کی عمر 62 برس ہے، وہ بائیں ہاتھ کے بلے باز تھے اور 1996 میں آسٹریلیا کو شکست دے کر سری لنکا کو اپنا پہلا کرکٹ ورلڈ کپ جتوایا، جو ملکی کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی کے طور پر یاد کی جاتی ہے۔