پاکستان مشکل معاشی صورتحال سے نکل آیا‘تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینگے: رانا احسان افضل

 کوئی جادوگر بھی ہو تو چٹکی میں چیزیں درست نہیں ہو سکتیں، ٹیکس دینے والوں کی تعداد میں 30 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے:وزیر مملکت
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر مملکت رانا احسان افضل نے تنخواہ دار طبقے کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا  ہے آئندہ سال ریلیف دیں گے۔  اپنے بیان میں وزیر مملکت نے  کہا کہ سرمایہ کاری کیلئے  سیکیورٹی سب سے اہم عنصر ہے، جن علاقوں میں سیکیورٹی بہتر ہوگی وہاں سرمایہ کاری خود بخود آئے گی۔وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکل معاشی صورتحال سے نکل آیا ہے، ایک وقت تھا جب دیوالیہ ہونے کی باتیں ہو رہی تھیں ، اگرچہ ملک کو اب بھی مختلف چیلنجز درپیش ہیں لیکن سرمایہ کاری کے لیے راہ ہموار ہو چکی ہے۔رانا احسان نے بتایا کہ حکومت نے مختلف شعبوں میں اصلاحات کی ہیں اور ٹیکس بیس کو بہتر بنایا ہے، ٹیکس دینے والوں کی تعداد میں 30 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ملازمت پیشہ افراد پر ٹیکس کم کرنے کی ضرورت ہے اور آئندہ سال تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا جائے گا، جبکہ بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی ہے۔