بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کیلئے کام شروع ، چیئرمین ایف بی آر

 ٹیکس دہندگان جتنے زیادہ ہوں گے، اتنا ہی ٹیکس ریٹ کم کیا جا سکے گا،راشد لنگڑیال 
اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین ایف بی آرراشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا ریٹ کم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار افراد کی ٹیکس رعایت کیلئے باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں پاکستان بزنس کونسل کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے   راشد  محمود لنگڑیال نے کہا  کہ وزیراعظم نے بڑی کمپنیوں پر عائد سپر ٹیکس میں کمی کی بھی ہدایت دی ہے، جس پر عمل درآمد کے لئے حکومتی سطح پر مشاورت شروع ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آئندہ مرحلوں میں بڑی کمپنیوں اور کاروبار پر سپر ٹیکس مرحلہ وار کم  کرنے اور آخرکار ختم کرنے پر آمادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپر ٹیکس میں ممکنہ کمی اور خاتمے کے حوالے سے آئی ایم ایف سے بات چیت بھی کی جائے گی، سپر ٹیکس ختم کرنے کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے