لاہور میں سموگ ختم کرنے کیلئے ٹاور نصب‘ 21 دسمبر تک فعال

ٹاور کو محمود بوٹی میں نصب کیا گیا، یہ مقام فضائی آلودگی کی بلند سطح کے باعث منتخب کیا گیا 
 ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکومت تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے:مریم اورنگزیب 
لاہور(سپیشل رپورٹر )لاہور میں سموگ کے خاتمے کیلئے محکمہ تحفظِ ماحولیات اور این یو ایس ٹی کی ٹیم کی جانب سے تیار کردہ سموگ کلیننگ ٹاور نصب کر دیا گیا ہے، جسے 21 دسمبر تک مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔سموگ کلیننگ ٹاور کو محمود بوٹی میں نصب کیا گیا، یہ مقام فضائی آلودگی کی بلند سطح کے باعث منتخب کیا گیا ہے۔ ٹاور کی تنصیب اور کیلیبریشن جاری ہے اور اسے 21 دسمبر تک مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔یہ ٹاور ہوا میں موجود زہریلے ذرات کو صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور شہر میں فضائی آلودگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اس اقدام کو ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سموگ جیسے سنگین مسئلے پر قابو پانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے، یہ ٹاور نہ صرف لاہور بلکہ پورے ملک کے لیے ایک ماڈل ثابت ہوگا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے