مری میں ٹیکس لاگو ہو رہا ہے جس کا کوئی مقصد نہیں،پنجاب حکومت عوام سے ڈری ہوئی ہے
نواز شریف روزگار فراہم کرتے تھے، اس طرح کا فیصلہ نہیں کر سکتے، عوامی جرگہ سے خطاب
مری (آئی این پی )سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کی کوئی رٹ اور سوچ نہیں ہے، عوام سے مشاورت کے ساتھ مری میں منصوبے شروع کیے جائیں، پنجاب حکومت عوام سے اتنا ڈری ہوئی ہے کہ مری میں دفعہ 144 لگا دی ، میں نے زندگی میں کبھی مری میں دفعہ 144 نہیں دیکھی، سیکشن 4 لوگوں کے کاروبار تباہ کرنے کیلئے نہیں ملکی معاملات کیلئے لگتا ہے ،مری روڈ پر ترقیاتی کام کرنا ہے تو عوام کو اعتماد میں لیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مری میں عوامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا عوام کے حقوق کے لیے سب سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں، حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے کوئی اقدامات کرنا چاہتی ہے تو پہلے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے، ہم کسی سے جھگڑا نہیں چاہتے میری گزارش ہے کہ ہم بہت اچھے ہیں لیکن ہم پر ظلم مت کریں ہمارا امتحان نہ لیں۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو حق نہیں کسی کی چار دیواری پائمال کرے، ناکام حکومت دفعہ 144 نافذ کرتی ہے، افسر یہاں پر حکمرانی نہ کریں خدمت کریں، ہم سے جھگڑا نہ کریں، کسی کا روزگار ختم کرنا چاہتے ہیں تو پہلے اس کا متبادل دیں ۔ بازار اور ہوٹلوں کی عمارتیں گرانا کوئی حکمرانی نہیں ہے۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا حکومت کو عوام سے مشاورت کے بعد مری میں منصوبے شروع کرنے چاہئیں، کسی ڈویلپمنٹ کے خلاف نہیں لیکن با مقصد ہونی چاہیے، انتظامیہ کے پاس فیصلے کا اختیار نہیں ہے، قانون سب کے لیے ایک ہونا چاہیے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ مری میں ٹیکس لاگو ہو رہا ہے جس کا کوئی مقصد نہیں ،آج ہمیں دفعہ 144 دکھایا جاتا ہے، میں نے زندگی میں کبھی دفعہ 144نہیں دیکھی۔ کیا حکمران عوام سے اتنا ڈرے ہوئے ہیں جو دفعہ 144 لگانی پڑتی ہے، یہ 10ہزار لوگوں پر پرچے درج کریں گے؟ حکومت کی کوئی رٹ اور سوچ نہیں ہے۔ میاں نواز شریف روزگار فراہم کرتے تھے، میاں نواز شریف اس طرح کا فیصلہ نہیں کر سکتے، اس علاقے کی انتظامیہ عزت کرتی تھی۔شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ مری کی عوام با شعور ہے، عوام کی طاقت کے آگے کوئی نہیں ٹھہر سکتے، با اختیار انتظامیہ سے مذاکرات کرنے کو تیار ہیں، اس علاقے کے لوگوں کے مسائل حل کرنا ہوں گے، عوام سے مشاورت کے ساتھ ہر کام قبول ہے۔