جعلی حکومت کو جواب دینا ہوگا گولی کیوں چلائی؟ :بیرسٹرسیف

کارکنوں کے خون کا حساب لیا جائیگا،کارکنوں کا خون بہانا شریف خاندان کا وتیرہ بن چکا، مشیر اطلاعات 
 پشاور(آئی این پی )خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران 26 نومبرکو شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا، جعلی حکومت کو جواب دینا ہوگا کہ گولی کیوں چلائی؟ ۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ شہدائے ڈی چوک کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دعائیہ تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خون کا حساب لینے کے عزم بھی کیا ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ نہتے کارکنوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، معصوم کارکنوں کا خون بہانا شریف خاندان کا وتیرہ بن چکا ہے، ماڈل ٹائون میں حاملہ خواتین پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہر دور میں اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے معصوم شہریوں کا خون بہایا گیا، نہتے کارکنوں کا خون ملک میں آئین و قانون کی بحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔