یونان کشتی حادثہ:صدر مملکت ،وزیر اعظم ، وزیر داخلہ کا پاکستانیوں کی اموات پر اظہارِ افسوس

انسانی سمگلنگ قبیح عمل ، ا س کے تدارک کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں، آصف زرداری،قیمتی جانی نقصان پر اظہارِ افسوس
 انسانی سمگلنگ ایک اندوہناک جرم ،وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو واقعے کی انکوائری کی جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی
 محسن نقوی نے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کیخلاف تحقیقات کا حکم دیدیا ،رفعت مختارراجاکی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل 
اسلام آباد(بیورو رپورٹ)صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب کشتی الٹنے کے واقعے میں پاکستانیوں کی اموات پر اظہارِ افسوس کیا ہے،وزیراعظم نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو واقعے کی انکوائری کی رپورٹ جلد ازجلد پیش کرنے کی ہدایت کر دی،وزیر داخلہ محسن نقوی نے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات کا حکم دیدیا۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف زرداری نے یونان میں کشتی حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا اور کہا کہ انسانی سمگلنگ قبیح عمل ہے، لوگ اپنے پیاروں کو کھو دیتے ہیں۔انہوں نے انسانی سمگلنگ کے تدارک کے لیے اقدامات تیز کرنے پر بھی زور دیا۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ اندوہناک جرم ہے، اس گھنائونے فعل کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جائیں۔وزیر اعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یونان میں جزیرے کے قریب پاکستانیوں کی اموات پر اظہار افسوس کیا اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انسانی سمگلنگ ایک اندوہناک جرم ہے جس کی وجہ سے کئی افراد کی جانیں جاتی ہیں اور ہر سال کئی گھر اجڑ جاتے ہیں، انسانی سمگلر ایک ایسا ظالم مافیا ہے جو غریب عوام کوجھوٹے اور سنہری خواب دکھا کر ان سے پیسے بٹورتا ہے۔وزیر اعظم نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو واقعہ کی انکوائری رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کی شناخت کی جائے اور ان کو سخت سزائیں دی جائیں تاکہ وہ ایسے قبیح فعل کو نہ دھرائیں، ایسے واقعات کے مستقبل میں تدارک کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ محسن نقوی نے یونان کشتی حادثے میں پاکستانی شہریوں کی اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔محسن نقوی نے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ رفعت مختار راجا کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی واقعے کی تحقیقات کر کے 5 روز میں رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش کرے گی۔