دینی مدارس رجسٹریشن کے مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے: جماعت اسلامی

26 ویں ترمیم پر اسٹیبلشمنٹ، (ن) لیگ ، پی پی پی اور ایم کیو ایم نے اپنا الو سیدھا کرلیا،لیاقت بلوچ
اسلام آباد(بیورو رپورٹ ) جماعت اسلامی کے نائب امیر اورملکی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ26 ویں آئینی ترمیم پر اسٹیبلشمنٹ، مسلم لیگ( ن)، پی پی پی اور ایم کیو ایم نے اپنا الو سیدھا کرلیا‘ دینی مدارس رجسٹریشن کے مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے خدشہ ہے کہ اس سے لادین اور پاکستان دشمن قوتیں فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔اتوار کو ملی یکجہتی کونسل کے عہدیداروں کے آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ مدارس رجسٹریشن پر علما، اکابرین اور رجسٹرڈ مدارس بورڈز/وفاق کے سربراہان مشترکہ اجلاس بلائیں انہوں نے کہاکہ مدارس رجسٹریشن مسئلہ خالص تعلیمی اور علومِ دینیہ کے طلبہ و طالبات کے تعلیمی مستقبل اور منبر و محراب کی عزت و توقیر کی حفاظت کا مسئلہ ہے۔مدارس رجسٹریشن کو سیاسی الجھا کا ایشو نہ بنایا جائے، ایسی صورتحال سے سیکولر، مادرپدر آزاد لادین اور دینی مدارس کی دشمن قوتیں فائدہ اٹھائیں گی انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں ملی یکجہتی کونسل کے وفود کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں قائدین سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ اختلاف کی پھیلتی خلیج کو روکا جائے اور خوش اسلوبی کیساتھ مسائل کو حل کیا جائے۔