کراچی میں 18 اگست سے مون سون کی فعال ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

کراچی میں 18 اگست سے مون سون کی فعال ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ مون سون کی ہوائیں 18 اگست سے مضبوط ہو کر سندھ میں پھیل جائیں گی اور اسی شام کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، مون سون کی کمزور ہوائیں صوبے میں داخل ہو رہی ہیں، اور 18 اگست کو دن کے وقت موسم گرم و مرطوب رہے گا، جس کے دوران درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔آج اور کل کراچی میں رات اور صبح کے اوقات میں ہلکی بارش، پھوار یا بونداباندی کا امکان ہے۔ شہر کے شمال مشرقی علاقوں میں نچلی سطح کے بادل بھی بن سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں ہلکی بارش یا پھوار کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

دیہی سندھ اور دیگر اضلاع میں صورتحال:

تھرپارکر میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش ہو سکتی ہے۔عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو، حیدرآباد، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان، مٹیاری، شہید بینظیر آباد اور خیرپور کے اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر ضیغم کے مطابق، اس وقت مون سون کا نیا سلسلہ بھارتی راجستھان پر موجود ہے، جس کے زیر اثر دیہی سندھ کے اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کی شام سے رات تک یہ سلسلہ کراچی کا رخ کرے گا، جبکہ بدھ اور جمعرات (20 تا 21 اگست) کو شہر میں تیز بارشوں کے کئی اسپیل متوقع ہیں، جو اربن فلڈنگ کا سبب بن سکتے ہیں۔

غیر سرکاری موسمیاتی ادارے ویڈر ڈاٹ پی کے مطابق، سندھ اور راجستھان ریجن پر بنی سائیکونک سرکولیشن جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہی ہے، اور یہ سسٹم پاکستان کے جنوبی علاقوں میں مون سون کی ہواؤں کو کھینچ رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں کراچی میں سمندری ہواؤں کی رفتار کم ہو رہی ہے، لیکن نچلی سطح پر بادل بننے کے امکانات موجود ہیں، جس سے شہر میں ہلکی بارش یا پھوار متوقع ہے۔