ایس ایس پی اختر فاروق ستارہ امتیاز کیلئے نامزد

 لاہور (کرائم رپورٹر) حکومت پاکستان نے ایس ایس پی اختر فاروق کو دہشت گرد، شرپسند عناصر اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف شاندار کارکردگی پر ستارہ امتیاز کے لیے منتخب کیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اختر فاروق اگلے سال 23 مارچ یوم پاکستان پر یہ اعزاز حاصل کریں گے۔ وہ ایس ایس پی ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اختر فاروق نے سی ٹی ڈی میں دوران تعیناتی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بطور ڈی پی او ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور میانوالی سمیت کلیدی عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے سی ٹی ڈی اور بارڈر ایریاز میں غیر معمولی شجاعت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ سرحدی اضلاع میں بطور ڈی پی او دہشت گردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور جدید پولیسنگ کے ذریعے شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کیں۔